مودی کی سوانح حیات پر بننے والی فلم پر امتناع کی درخواست مسترد

   

نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو سوانح حیات پر تیار کردہ فلم کی نمائش کو روکنے کیلئے داخل کردہ درخواست کو سپریم کورٹ نے سہ شنبہ کے دن مسترد کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ وہ مودی کی زندگی کے حالات پر مبنی فلم پر امتناع کی درخواست کو اس لئے قبول کرنے سے قاصر ہے کیونکہ یہ درخواست قبل از وقت داخل کی گئی ہے۔ ابھی اس فلم کو سنسر بورڈ کی طرف سے نمائش کی سند حاصل نہیں ہوئی ہے جیسا کہ دعویٰ کیا جارہا ہے۔ اگر فلم اس دعویٰ کے مطابق نمائش کیلئے 11 اپریل کو پیش بھی کی گئی تو کانگریس کے جہد کار (درخواست گزار) کے لئے یہ مناسب ہوگا کہ وہ الیکشن کمیشن سے اس کی اصلاح طلب کرے۔ سپریم کورٹ کا بینچ جو چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس دیپک گپتا اور سنجے انا پر مشتمل تھا، اس نے کہا کہ ’’ہم ان وجوہات کی بناء پر اس درخواست کو غوروخوض کے قابل نہیں سمجھتے۔