مودی ہفتہ کو سیشیلز کے تین روزہ دورے پر جائیں گے

   

نئی دہلی 25 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو تین روزہ دورے پر سیشیلز جائیں گے اور سیشیلز کے قومی دن کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے نیز صدر پیٹرک ہرمینی کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے ۔ وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو بتایا کہ مودی سیشلز کے صدر کی دعوت پر 27 سے 29 جون تک وہاں کے سرکاری دورے پر جائیں گے ۔ وزیر اعظم معزز مہمان کے طور پر سیشیلز کے قومی دن کی گولڈن جوبلی تقریبات میں حصہ لیں گے ۔ مودی نے اس سے پہلے 2015 میں سیشیلز کا دورہ کیا تھا۔ ہندوستانی دفاعی افواج کا ایک دستہ، ہندوستانی بحریہ کے دو جہازوں کے ساتھ، ان تقریبات میں شرکت کرے گا۔ دورے کے دوران وزیر اعظم صدر ہرمینی کے ساتھ بات چیت کریں گے ، جس میں دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر خیالات کا تبادلہ ہوگا۔ وزیر اعظم سیشیلز کی نیشنل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے اور ہندوستانی تارکینِ وطن برادری کے ارکان سے گفتگو کریں گے ۔ ہندوستان اور سیشیلز کے درمیان مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور عوامی روابط پر مبنی ایک دیرینہ شراکت داری ہے۔
بحرِ ہند کے خطے میں ایک اہم سمندری پڑوسی کے طور پر، سیشیلز ہندوستان کے بحری وژن (خطوں میں سلامتی اور ترقی کیلئے باہمی اور جامع ترقی) اور گلوبل ساؤتھ کے تئیں ہمارے عزم میں ایک خاص مقام رکھتا ہے ۔ یہ دورہ ہندوستان اور سیشیلز کے درمیان مضبوط اور پائیدار دوستی کی توثیق کرے گا اور دونوں ممالک کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کو مضبوط بنائے گا۔