مودی ہٹاؤ ، دیش بچاؤ،عآپ کی پوسٹر مہم کا آغاز

   

نئی دہلی۔عام آدمی پارٹی (عآپ) نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف 11 زبانوں میں ملک گیر مودی ہٹاو، دیش بچاؤ نعرہ لگانے والا پوسٹرمہم شروع کی ہے ۔ قبل ازیں عآپ کارکنوں نے پورے قومی راجدھانی میں مودی ہٹاو، دیش بچاؤ کے پوسٹر لگائے تھے۔ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے 49 ایف آئی آر درج کی تھیں اور چھ لوگوں کو گرفتار کیا تھا جن میں دو پرنٹنگ پریس فرموں کے مالکان بھی شامل تھے۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ پارٹی کی تمام ریاستی اکائیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پوسٹر چسپاں کریں۔ رائے نے مزید کہا میں جاننا چاہتا ہوں کہ کیا یہ پوسٹر قابل اعتراض ہے؟ اگر وزیر اعظم لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں، تو وہ ملک کے آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔ گرفتاریوں پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ انگریزوں نے بھی تحریک آزادی کے دوران ان کے خلاف پوسٹر لگانے والوں کوگرفتار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا آزادی سے پہلے بھی، جب آزادی کے جنگجو پوسٹر لگاتے تھے، انگریزوں نے ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی تھی اور نہ ہی کوئی کارروائی کی گئی تھی۔ بھگت سنگھ نے برطانوی دور حکومت میں بہت سے پوسٹر چسپاں کیے تھے، ان کے خلاف ایک بھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تھی۔ دوسری طرف بی جے پی کے حامیوں نے کئی علاقوں میں اروند کیجریوال کو ہٹاؤ، دہلی بچاؤ کے پوسٹر لگائے۔