مورینا: ڈان بننے کی خواہش میں مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع کے ایک نوجوان نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ پر فون کرکے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ تاہم بعد ازاں پولیس کے خوف سے نوجوان نے سول لائنز تھانے پہنچ کر پولیس کے سامنے خودسپردگی کر دی۔پولیس ذرائع کے مطابق سیول لائنز تھانہ علاقے کے ہنسائی میودا گاؤں کے مجرا مہاراج سنگھ کا پورہ کے رہنے والے سنیل گرجر (20) نے پیر کی دوپہر اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو ان کی رہائش گاہ پر فون کرکے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
دھمکی آمیز کال کے فوراً بعد اتر پردیش پولیس متحرک ہوگئی۔ یوپی ایس ٹی ایف اور سائبر ٹیم نے اس کے موبائل لوکیشن کے ذریعے اسے ٹریس کیا۔ لیکن اس سے پہلے کہ یوپی ایس ٹی ایف اسے پکڑ پاتی، وہ خود سول لائنز تھانے پہنچ گیا۔ پولیس اس سے سختی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔ پولیس اس کے قریبی لوگوں اور بینک اکاؤنٹس کی چھان بین کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس کا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق تو نہیں ہے ۔ پولیس کے مطابق اس کے خلاف ابھی تک کوئی معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے ۔