ما پوتو :پرتگالی بولنے والے افریقی ملک موزمبیق کے دارالحکومت ما پوتوکی ایک جیل کے اندر مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں جبکہ 1500 سے زائد قیدی فرار ہو گئے۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس جنرل کمانڈر برنارڈینو رافیل نے ایک میڈیا بریفنگ میں بتایاکہ جیل میں تصادم کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتا یا کہ1500 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن فرار ہونے والے 150 قیدیوں کو دوبارہ پکڑ لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے جیل کے باہر ہونے والے مظاہروں کو جیل فسادات کی حوصلہ افزائی کا باعث قرار دیا۔دوسری جانب وزیر انصاف نے مقامی نجی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ہنگامہ آرائی جیل کے اندر سے شروع ہوئی تھی اور اس کا باہر کے احتجاج سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت واضح نہیں ہو سکی۔ساؤتھ افریقن براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ایس اے بی سی) کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ قیدیوں نے جیل کے محافظوں کو قابو کرکے ان کی اے 47 رائفلیں چھین لیں اور اصلاحی مرکز سے فرار ہو گئے۔گزشتہ روز وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ موزمبیق کی اعلیٰ عدالت کی جانب سے متنازعہ انتخابات میں حکمران جماعت فریلیمو کی جیت کی تصدیق کے بعد سے شروع ہونے والی بدامنی میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔