موسم میں بڑی تبدیلی، کہیں گرمی تو کہیں بارش

   

ملک کے کئی حصوں میںرات کے درجہ حرارت میں کمی سے سردی کا احساس

نئی دہلی :ملک کے کئی حصوں میں موسم میں اچانک ہوئی تبدیلی نے لوگوں کو ایک بار پھر سردی کا احساس کرا دیا ہے۔ کئی علاقوں میں دن میں ہلکی دھوپ اور معمول کے درجہ حرارت کے بعد رات میں سردی بڑھ گئی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات اور دیگر موسم ماہرین کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں موسم کا مزاج الگ الگ طرح سے دکھائی دے رہا ہے۔ کہیں گرمی کی شروعات ہو رہی ہے تو دوسری طرف کہیں سردی اور بارش کا اثر بھی بنا ہوا ہے۔دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں موسم اب گرمی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ دنوں تیز ہواؤں اور ہلکی ٹھنڈ کے بعد سورج کی تپش بڑھنے لگی ہے۔ اگلے کچھ دنوں تک درجہ حرارت میں رفتہ رفتہ اضافہ ہونے کی امید ہے جس سے مارچ کے وسط تک گرمی کا اثر اور بھی بڑھ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاستوں کے زیادہ تر حصوں میں دن خشک رہے گا اور گرمی کی شروعات کا احساس ہونے لگا ہے۔ حالانکہ علاقہ کی بنیاد پر موسم میں ہلکی تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ درجہ حرارت کے 26 سے 30 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی امید ہے۔ لکھنؤ، کانپور اور وارانسی جیسے شہروں میں یہ 28اور30 ڈگری تک جاسکتا ہے۔صبح کے وقت مغربی اتر پردیش کے کچھ علاقوں میںہواؤں کی رفتار 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹے کے درمیان رہے گی جو موسم کو معمول پر بنائے رکھے گی۔ اروناچل پردیش اور آسام کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔جنوبی ہند میں ٹاملناڈو کے ساحلی علاقوں میں گرم اورنمی بھرا موسم رہنے کا امکان ہے۔ چنائی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے اور ہوا میں نمی کی سطح 60 سے 70 فیصد تک رہے گی۔ کیرالہ میں ہلکی بارش کے آثار ہیں خاص کر ساحلی علاقوں میں۔ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرناٹک‘تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسم زیادہ تر صاف اور خشک رہے گا لیکن دن کے وقت گرمی کا اثر بڑھے گا۔