موسم گرما میں برقی اور پانی کی موثر سربراہی کیلئے ضلع کلکٹرس کو چیف سکریٹری کی ہدایت

   

راشن کارڈز کی اجرائی کا عنقریب آغاز، کلکٹرس کو سب اسٹیشنوں کے دورہ کا مشورہ، ویڈیو کانفرنس کا اہتمام
حیدرآباد۔/19فروری، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں موسم گرما کے دوران برقی اور پانی کی سربراہی، ربیع کی فصلوں کیلئے پانی کی سربراہی کے علاوہ رعیتو بھروسہ اور نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ موسم گرما میں گھریلو، زرعی اور صنعتی صارفین کی جانب سے برقی کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے لہذا تینوں شعبہ جات کو برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی اساس پر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کریں اور برقی اور پانی کی سربراہی کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فیڈر کے تحت برقی طلب اور سربراہی پر ضلع کلکٹرس کو نظر رکھنی چاہیئے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ سرکاری دواخانوں کو پینے کے پانی کی سربراہی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ باقاعدہ سب اسٹیشنوں کا معائنہ کریں تاکہ سربراہی کو بہتر بنایا جاسکے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ ذخائر آب میں پانی کی سطح کا جائزہ لیں اور گذشتہ سال کی طرح ربیع کی فصلوں کیلئے سربراہی آب کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ایسے اضلاع جہاں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ نہیں ہے نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا عنقریب آغاز ہوگا۔ پرنسپل سکریٹری اِنرجی سندیپ کمار سلطانیہ نے کلکٹر سے کہا کہ ابتدائی موسم گرما میں برقی کی طلب میں گذشتہ سال کے مقابلہ اضافہ ہوچکا ہے۔ محکمہ نے برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی ہے۔ سندیپ کمار سلطانیہ نے ضلع کلکٹرس سے خواہش کی کہ وہ ٹول فری نمبر 1912 کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ برقی سربراہی سے متعلق شکایات کی فوری یکسوئی کی جاسکے۔ ویڈیو کانفرنس کے موقع پر پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور، پرنسپل سکریٹری پنچایت راج لوکیش کمار، سکریٹری اگریکلچر رگھونندن راؤ، کمشنر رورل ڈیولپمنٹ سریجنا، کمشنر سیول سپلائز ڈی ایس چوہان، کمشنر جی ایچ ایم سی ایلم برتی، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اشوک ریڈی، ڈائرکٹر اگریکلچر گوپی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1