موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے میدھا پاٹکر کی دلچسپی

   

فارمرس کمیشن کے صدرنشین کودنڈا ریڈی سے ملاقات،کسانوں کی اراضیات کے حصول میں احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) سماجی جہد کار اور نرمدا بچاؤ آندولن کی قائد میدھا پاٹکر نے تلنگانہ حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے اُن کیلئے متبادل مکان یا اراضی کے انتظام کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متاثرین سے مشاورت اور انہیں اعتماد میں لیتے ہوئے پراجکٹ کی تکمیل پر زوردیا۔ میدھا پاٹکر نے تلنگانہ فارمرس کمیشن کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فارمرس کمیشن کے ارکان کے وی ایس ریڈی، بھوانی ریڈی، جی گنگادھر اور دوسرے موجود تھے۔ میدھا پاٹکر حیدرآباد کے دو روزہ دورہ پر تھیں اور انہوں نے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے تحت مکانات سے محروم خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے حکومت کو واقف کرانے کا تیقن دیا۔ میدھا پاٹکر نے فارمرس کمیشن کے صدرنشین اور ارکان سے ریاست میں صنعتوں کے قیام کیلئے کسانوں سے اراضی کے حصول کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فارمرس کمیشن کے صدرنشین سے کہا کہ غریب کسانوں کی اراضیات کے حصول کی صورت میں مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔ ایم کودنڈا ریڈی نے میدھا پاٹکر کو بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کررہے ہیں۔ ریاست میں 2 لاکھ روپئے تک کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے گئے جس کے تحت 21 ہزار کروڑ جاری کئے گئے۔ کسانوں کو فصلوں پر 500 روپئے بونس ادا کیا جارہا ہے۔ رعیتو بھروسہ اور رعیتو آتمیا بھروسہ جیسی اسکیمات پر عمل آوری سے میدھا پاٹکر کو واقف کرایا گیا۔ صدرنشین فارمرس کمیشن نے بتایا کہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ میں مکانات سے محروم خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات یا متبادل اراضی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صنعتوں کے قیام کیلئے کسانوں کی اراضی کے حصول کی صورت میں مناسب معاوضہ کے علاوہ اراضی کے بدلے کسی اور مقام پر اراضی الاٹ کرنے کیلئے حکومت تیار ہے۔ فورتھ سٹی کے قیام کے سلسلہ میں میدھا پاٹکر کو چیف منسٹر کی سنجیدگی اور اقدامات سے واقف کرایا گیا۔ میدھا پاٹکر نے حکومت کو مشورہ دیا کہ موسی ریور پراجکٹ کے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے پراجکٹ میں پیشرفت کی جائے۔ غریب خاندانوں کی باز آبادکاری کے سلسلہ میں حکومت کو سنجیدہ قدم اٹھانے چاہیئے۔1