حیدرآباد : 15مارچ ( پریس نوٹ) کرناٹک اسٹیٹ وقف بورڈ کے صدرنشین کی حیثیت سے مولانا سید علی الحسینی کے انتخاب کا مولانا ابوالفتح سید بندگی بادشاہ قادری رکن ریاستی وقف بورڈ تلنگانہ نے خیرمقدم کیا ۔ مولانا بندگی بادشاہ نے بتایا کہ قابل مبارکباد ہے کرناٹک کی کانگریس زیر قیادت جس نے اوقاف کی جائیدادوں ، درگاہوں ، آستانوں اور مذہبی اداروں کے تحفظ کی نسبت ایک مثالی قدم اٹھاتے ہوئے بلالحاظ پارٹی وابستگی صدرنشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز مولانا سید علی الحسحنی کو صدرنشین ریاستی وقف بورڈ منتخب کیا ۔ مولانا سید علی الحسینی ریاستی وقف بورڈ میں زمرہ متولی کے تحت آزادانہ طور پر منتخب ہوئے ہیں ۔ کانگریس زیر قیادت کرناٹک حکومت کا یہ قدم اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کرناٹک میں وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ ہے اور اس مقصد کی تکمیل میں کسی سیاسی وابستگی کو شرط اولا تصور نہیںکرتی ہے ۔ مولانا بندگی بادشاہ قادری نے امید ظاہر کی کہ مولانا سید علی الحسینی کی قیادت میں کرناٹک اسٹیٹ وقف جائیدادوں کے تحفظ و ترقی میں کارنامے انجام دے گا ۔