مولانا محمد فاروق ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک

   

پرتاب گڑھ: اترپردیش کے پرتاپ گڑھ کی سرکردہ شخصیت مولانا فاروق صاحب کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔پولیس کی سخت ترین سیکورٹی میں جلوس جنازہ اور تدفین عمل میں آئی۔ پولیس نے گاؤں میں نگرانی کے لیے ڈرون کا بھی استعمال کیا۔ پرتاب گڑھ ضلع کے عالم دین و جمعیت العلماء کے ذ مہ دار مولانا محمد فاروق کوہفتہ کو شرپسندوں نے مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے شہید کردیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ضلع بھر کے مسلمانوں میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی تھی اور قتل واقعہ کے خلاف مقامی مسلمانوں نے نعش کے ساتھ 5 گھنٹے تک احتجاج کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں سون پور گاؤں میں سینکڑوں تعداد میں پولیس دستوں کو تعینات کردیا گیا جن میں مرکزی دستے بھی شامل ہیں۔ اتوار کو جنازے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے جن میں نامور شاعر و رکن راجیہ سبھا عمران پرتاب گڑھی بھی شامل تھے ۔اسی دوران پولیس نے مولانا فاروق کے قتل کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جنھیں ہفتہ کو پرتاپ گڑھ ضلع کے جیٹھواڑہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع سون پور گاؤں میں بدمعاشوں کے ایک گروپ کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ مولانا فاروق کے گھر والوں نے پانچ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی اور ان میں سے دو کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے تین تیز دھار ہتھیار قبضے میں لیے ہیں جن پر خون کے دھبے ہیں۔عہدیداروں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ قتل کی وجہ جائیداد اور مالی تنازعہ بتائی گئی۔
تاہم پولیس نے دعویٰ کیا کہ فاروق صاحب کو مبینہ طور پر ان کے پڑوسیوں نے گاؤں میں ایک تنازعہ پر قتل کیا تھا جس کی وجہ سے دو برادریوں کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا تھا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کافی پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ پولیس نے گاؤں میں گشت کیا اور گھر والوں کو یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء رکن راجیہ سبھا عمران پرتاب گڑھی نے کہا کہ مولانا کے قتل سے پورا ضلع غمزدہ ہے،ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بات چیت میں انہوں نے یقین دلایا باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور لواحقین کے مطالبات کو حکومتی سطح پر پورا کیا جا رہا ہے۔