مولانا کلیم صدیقی کیخلاف یوپی حکومت کی عرضی پر سماعت ملتوی

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو اتر پردیش حکومت کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی جس میں عالم دین مولانا کلیم صدیقی کو دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جن پر اترپردیش اے ٹی ایس نے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر مذہبی تبدیلی کا ریاکٹ چلانے کا الزام لگایا ہے۔جسٹس انیرودھا بوس، سنجے کمار اور ایس وی این بھٹی پر مشتمل بنچ نے اتر پردیش حکومت کی طرف سے پیش کردہ ایک مکتوب کے ذریعے سماعت کو ملتوی کرنے کی درخواست کو قبول کیا۔پچھلی سماعت میں، سپریم کورٹ نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل گریما پرشاد سے 5 ستمبر تک مبینہ اجتماعی مذہبی تبدیلی کیس میں مولانا کلیم صدیقی سے منسوب کردار کو واضح طور پر بیان کرنے کے لیے ٹیبلر بیان داخل کرنے کی ہدایت دی تھی پچھلے ہفتے، سپریم کورٹ نے مولانا کلیم صدیقی کو اپنے بھائی علیم صدیقی کی تدفین میں شرکت کرنے کے لیے اتر پردیش کے مظفر نگر میں اپنے آبائی گاؤں جانے کے لیے کچھ وقت کی نرمی دی تھی۔