موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والا کمسن گرفتار مسروقہ موٹر سائیکلس ضبط

   

حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون پولیس نے ایک نابالغ لڑکے کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 5 موٹر سیکلوں کو ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ساوتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے چادر گھاٹ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں اس 17 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا۔ یہ لڑکا بری عادتوں کا شکار ہوگیا تھا اور موٹر سیکل کی رائیڈنگ کا اس پر جنون تھا اخراجات کی پابجائی اور اپنے ذوق کو پورا کرنے کے لئے اس نے سرقہ کرنا شروع کردیا۔ نقلی چابیوں سے پارک کی ہوئی موٹر سیکلوں کو لے کر فرار ہوجاتا اور ان موٹر سیکلوں پر خوب مستی کرتا تھا۔ راجندر نگر اور چادر گھاٹ پولیس حدود میں 5 موٹر سیکلوں کا سرقہ کیا جس کو پولیس نے ضبط کرلیا۔ جس کی مالیت 2 لاکھ 5 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے اس لڑکے کو بیگم بازار پولیس کے حوالے کردیا۔