مچھلی کھائیں اور دل کو صحت مند بنائیں

   

اپنے دل کو زندگی میں امراض سے بچانا چاہتے ہیں؟ تو مچھلی کو اپنی غذا کا حصہ بنالیں۔یہ دعویٰ فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ چربی والی مچھلی کو ہفتہ بھر میں 4 دفعہ کھانا جسم میں صحت کے لیے فائدہ مند کولیسٹرول کی شرح بڑھانے اور امراض قلب کا خطرہ کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔تحقیق کے مطابق مچھلی ایچ ڈی ایل یا اچھے کولیسٹرول کی سطح بڑھاتی ہے خصوصاً ان افراد میں جن کی گلوکوز میٹابولزم کی صلاحیت متاثر ہوچکی ہوتی ہے۔اسی طرح مچھلی میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈ نقصان دہ کولیسٹرول ایل ڈی ایل کی سطح کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے خون کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے امراض قلب، ہارٹ اٹیک یا فالج وغیرہ کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران محققین نے 40 سے 72 سال کی عمر کے 100 ایسے مردوں اور خواتین کا جائزہ لیا جن کے گلوکوز میٹابولزم کی صلاحیت متاثر ہوچکی تھی۔
ان رضاکاروں کو 4 گروپس میں تقسیم کرکے انہیں مختلف غذاں کا استعمال کرایا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ چربی والی مچھلی کھانے سے فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ جبکہ نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم ہوئی۔اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل مولیکیولر نیوٹریشن اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع ہوئے۔
مچھلی شفا اور
طاقت سے بھرپور غذا
مچھلی نہ صرف وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے، بلکہ اسے اپنی غذا میں مستقل بنیادوں پر شامل کرنے والے افراد جوڑوں کے درد سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔
برصغیر میں جہاں سمندری مچھلی شوق سے کھائی جاتی ہے، وہیں فش فارمنگ اور دریا سے حاصل ہونے والی مچھلی بھی شوق سے کھائی جاتی ہے۔زیادہ تر لوگ مچھلی کو گرم غذا سمجھ کر صرف سردیوں میں زیادہ تواتر سے استعمال کرتے ہیں، لیکن ایسا بلکل بھی نہیں ہے کہ مچھلی کو گرمیوں کے موسم میں نہیں کھایا جاسکتا۔
ماہرین کے مطابق مچھلی میں شامل اومیگا تھری سمیت دیگر اجزاء کی وجہ سے یہ نہ صرف وزن کم کرنے اور جوڑوں کے درد کے لیے مفید ہوتی ہے، بلکہ یہ ہاضمے کے نظام کو بھی درست کرتی ہے۔
باقاعدگی سے مچھلی کھانے والے افراد کا نظام ہاضمہ درست ہوجاتا ہے، جس وجہ سے ان میں نزلہ و زکام جیسے مسائل نہیں ہوتے، اور وہ سردیوں یا گرمیوں میں ہونے والے موسمی بخار سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔
مچھلی میں شامل خصوصی اجزاء انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناکر متحرک کرتی ہیں، اور انسان دیر تک اور مسلسل کام کرنے کا عادی بن جاتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق مچھلی ذہنی صحت کے لیے بھی مددگار ہے، مچھلی کھانے سے ذہنی تناؤ، دباؤ، کشیدگی،اور الجھن میں رہنے والے افراد حالات کا مقابلہ کرنے کے قابل بن جاتے ہیں۔
٭٭٭

عوامی
عوامی
عسکری