مکان منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک

   

ریوا ۔ مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا کے گڑھ تھانہ علاقہ میں آج صبح الصبح ایک کچا مکان منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہو گئی اور ایک دیگر زخمی ہو گیا ، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا ہے ۔ یہ واقعہ شدید بارش کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ راکیش کمار سنگھ نے بتایا کہ گڑھ تھانہ علاقہ کے بہیرا سیگران گاؤں میں صبح الصبح شدید بارش کے سبب کچا مکان اچانک منہدم ہوگیا ، جس کی وجہ سے گھرمیں سورہے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ملبے تلے دب گئے ۔ حادثہ میں چار افراد کی موت ہو گئی، جبکہ ایک کو زخمی حالت میں نکالا گیا ، جسے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ اور پولیس کے افسر موقع پر پہنچ گئے ہیں۔