حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں ہوئے بم دھماکہ کے 15 مکمل ہوگئے لیکن متاثرین ہنوز انصاف سے محروم ہیں۔ 18 مئی سال 2007 کو نماز جمعہ کے موقع پر طاقتور بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 9 مصلی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ پولیس فائرنگ میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس کیس کی تحقیقات کے دوران کئی بے گناہ مسلم نوجوانوں کو بیجا مقدمات میںماخوذ کیا گیا تھا جبکہ تحقیقات کو سی بی آئی کے حوالہ کئے جانے کے بعد سنگ پریوار کا مبینہ رول سامنے آیا۔ اس کیس کی تحقیقات کو بعد میں قومی تحقیقاتی ایجنسی کے حوالہ کردیا گیا تھا لیکن استغاثہ نے سنگ پریوار سے تعلق رکھنے والے مبینہ ملزمین کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوگئے جس کے نتیجہ میں خصوصی عدالت نے انہیں بری کردیا تھا۔ ملزمین کی برأت کے بعد بعض متاثرین نے تلنگانہ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا لیکن یہاں بھی انہیں مثبت نتائج برآمد نہ ہونے پر سپریم کورٹ میں نظرثانی کے تحت ایک درخواست داخل کی گئی ہے جو زیر التواء ہے۔ بم دھماکہ کیس کلیدی ملزمین جنہوںنے مبینہ طور پر مکہ مسجد میں بم نصب کیا تھا رام چندر کال سنگرا اور سندیپ دانگے ہنوز مفرور ہیں۔ دھماکہ کی 15 ویں برسی کے موقع پر مکہ مسجد کے اطراف و اکناف علاقوں میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔