مکہ میں شامی حاجیہ کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش

   

مکہ مکرمہ ۔17 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) رواں سال حج سیزن کے ایک انوکھے واقعے میں شام سے تعلق رکھنے والی ایک حاجیہ نے ایک ساتھ 4 بچوں کو جنم دیا۔ یاد رہے کہ 23 سالہ خاتون کا یہ دوسرا حمل تھا اور یہ 4 سال بعد ٹھہرا تھا۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق خاتون کی حالت کے پیش نظر مکہ مکرمہ میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں اس کے فوری آپریشن کا انتظام کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں خاتون کے ہاں دو لڑکے اور دو لڑکیاں پیدا ہوئیں۔ اسپتال کے عملے نے چاروں بچوں کو نومولود بچوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا تا کہ ان کی بہتر دیکھ بھال کی جا سکے۔ پیدا ہونے والے بچوں کا انفرادی وزن 1300 سے 1800 گرام کے درمیان تھا۔سعودی وزارت صحت کے مطابق چار میں سے دو بچوں کی حالت مستحکم اور اچھی ہے جب کہ دو بچوں کے سانس لینے کے عمل میں معمولی کمی ہے۔ ان دو بچوںکو آکسیجن کی مشین پر رکھا گیا ہے اور ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔دوسری جانب بچوں کے باپ نے چاروں نومولود اور ان کی ماں کی فوری نگہداشت کے اقدامات پر نگراں طبی ٹیم اور ہسپتال کے تمام عملے اور انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔