ممبئی : ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی ، جن کا شمار ہندوستان کے ارب پتی میں ہوتا ہے ، پچھلے کچھ عرصے سے بیرون ملک میں جائیدادیں خرید رہے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ حال ہی میں نیویارک اور دبئی میں مہنگے ترین ولاز خریدے ہیں ۔ انہوں نے حال ہی میں دبئی میں ایک اور پرتعیش ولا خریدا ہے ۔ انہوں نے دبئی کے علاقے پام جمیرہ میں ساحل سمندر کے ساتھ لکژری ولا خریدا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس چشم کشا عمارت کی قیمت تقریباً 1349 کروڑ روپئے (163 ملین ڈالر) ہے ۔ یہ دبئی کے پام جمیرہ جزیرے پر واقع ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ امبانی نے یہ عمارت گزشتہ ہفتے کویتی تاجر محمد الشایا سے خریدی تھی ۔ پام جمیرہ دبئی میں کھجور کے درخت کی شکل میں مصنوعی طور پر ترتیب دیئے گئے جزیروں کا ایک کامپلکس ہے ۔اس میں سب پرتعیش ولاز ہیں ۔