مکیش کی مدد سے انیل امبانی نے 550 کروڑ کے بقایہ جات ادا کردئے

   

نئی دہلی 18 مارچ( سیاست ڈاٹ کام ) مسائل کا شکار کروڑ پتی انیل امبانی آج امکانی جیل کی سزا سے بچ گئے جب ان کی کپمنی نے سویڈن کی سرویس پرووائیڈر ایرکسن کو 550 کروڑ ڑوپئے کے بقایہ جات ادا کردئے ۔ یہ ادائیگی انہوں نے اپنے بڑے بھائی مکیش امبانی کی مدد سے ادا کی ۔ انیل نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے پر مکیش امبانی سے اظہار تشکر کیا ۔ انیل امبانی کی انتہائی قرضوں کا شکار کمپنی ریلائینس کمیونیکیشن نے سود کے بشمول 550 کروڑ روپئے کی ادائیگی کردی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے انہیںکل 19 مارچ تک کی مہلت دی تھی اور کہا تھا کہ عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں تین ماہ کی جیل ہوسکتی ہے ۔ اس ادائیگی کے فوری بعد آر کام نے اعلان کیا کہ وہ مکیش امبانی کی ریلائینس جیو کے ساتھ 17,000 کروڑ روپئے کی معاملت کو ختم بھی کر رہی ہے جس کے تحت اسے اپنے اثاثہ جات جیسے اسپیکٹرم ‘ فائبر اور ٹاور فروخت کرنے تھے ۔ انیل امبانی نے اس قرض کی ادائیگی کے فوری بعد اپنے بڑے بھائی مکیش امبانی اور ان کی شریک حیات نیتا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں یہ دونوں ان کے کام آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکیش نے اپنے خاندانی اقدار کا پورا لحاظ رکھتے ہوئے مشکل وقت میں ان کی مدد کی ہے ۔ انیل نے کہا کہ وہ اور ان کے افراد خاندان مکیش اور نیتا امبانی کے مشکل وقت میں کام آنے پر دل سے مشکور ہیں ۔