مہاراشٹرا۔کرناٹک سرحدی تنازعہ کے درمیانشنڈے وزراء کا بیلگاوی کا دورہ ملتوی

   

بیلگاوی: مہاراشٹرا اور کرناٹک کے درمیان سرحدی تنازعہ گہرا ہوتا جا رہا ہے ۔ اس کی وجہ سے مہاراشٹرا کے دو وزراء چندرکانت پاٹل اور شمبھوراج دیسائی کو منگل کو کرناٹک کے بیلگاوی کا دورہ ملتوی کرنا پڑا۔ یہ وزیر وہاں جا کر گاؤں والوں سے بات کرنے والے تھے ۔ کرناٹک حکومت نے کہا کہ ان کے دورے سے وہاں امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نتیش پاٹل نے بیلگاوی میں وزراء چندرکانت پاٹل، شمبھوراج دیسائی اور ایم پی دھیرشیل مانے کے داخلے پر پابندی لگانے کا حکم جاری کیا تھا۔ دیسائی نے بتایا کہ ہم نے بیلگاوی کے اپنے دورے کے بارے میں کرناٹک حکومت کو باضابطہ طور پر مطلع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یاترا ملتوی کی ہے ، منسوخ نہیں کی ہے ۔ دیسائی نے بتایا کہ ہم جلد ہی اپنے دورے کی اگلی تاریخ طے کریں گے۔ ہم بیلگاوی میں مراٹھی بولنے والوں سے بات کریں گے۔ ان کے ساتھ ہم اس پیکیج پر بات کریں گے جو مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ ان 850 گاؤں کے مراٹھی بولنے والوں کو دینا چاہتے ہیں۔