مہاراشٹرا میں آج سے نائیٹ کرفیو، 15 فروری تک تعلیمی ادارے بند

   

بیوٹی پارلر، جِم، اسپا اور سیاحتی مقامات پوری طرح بند‘ لوکل ٹرین خدمات جاری رہیں گی

ممبئی: ریاست مہاراشٹرامیں کورونا وائرس کے کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر نئی گائیڈلائن جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق اسکول اورکالجوں کو 15 فروری تک مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے لئے کوچنگ کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم دیگر جماعتوں کے لئے کوچنگ کو بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آج جاری کردہ نئی سرکاری ہدایات کے مطابق سیلون، نجی دفاتر میں گنجائش سے آدھے تعداد میں ہی لوگ جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ گارڈن، سوئمنگ پول، میدان، بیوٹی پارلر، جِم، اسپا اور سیاحتی مقامات پوری طرح بند رہیں گے۔ رات کا کرفیو 11 بجے سے صبح 5بجے تک نافذ رہے گا۔اطلاع کے مطابق تھیٹر کو 50 فیصدگنجائش کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت رہے گی۔ ہوٹل، ریسٹورنٹ کو بھی 50 فیصد گنجائش کے ساتھ رات 10بجے تک کھولا جا سکتا ہے۔ لوکل ٹرین کی خدمات جاری رہیں گی۔ یہ احکامات 10 جنوری کی شب 12 بجے سے 15 فروری کی رات 12 بجے تک نافذ رہیں گے۔