مہاراشٹرا میں لاک ڈاؤن کے دوران برقی بلز کی معافی کا مطالبہ

   

چراغ تلے اندھیرا

پیر کو رات 8 سے 5 منٹ تک برقی بند کر کے مجلس کا احتجاج ، آن لائن مہم
حیدرآباد۔ ریاست مہاراشٹرا میں لاک ڈاؤن کے دوران جو برقی استعمال کی گئی اس کو معاف کروانے کیلئے مجلس اتحاد المسلمین نے بلاک آؤٹ مہاراشٹرا مہم شروع کی اور اس سلسلہ میں مہاراشٹرا ریاستی مجلس کے ذمہ داروں نے ریاستی حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ مدت کے برقی بلوں کی معافی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں اوراس سلسلہ میں مہاراشٹر مجلس کی جانب سے باضابطہ ٹوئیٹر پر بھی مہم چلاتے ہوئے 20 جولائی کو رات 8 بجے 5منٹ کیلئے برقی بند کرتے ہوئے اندھیرا کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا گیا اور مجلسی قائدین نے حکومت مہاراشٹرا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو خواب غفلت سے جگانے اور عوام کی معاشی پسماندگی اور ان کے مسائل سے واقف کروانے کیلئے احتجاج ناگزیر ہوگیا ہے اور وہ برقی بلوں کو معاف کروانے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ کورونا وائرس کے سبب ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان میں سب سے اہم معاشی مسائل ہیں اور اس کے بعد حکومت کی جانب سے برقی بلوں کی اجرائی نہ صرف ریاست مہاراشٹرا بلکہ ملک کی کئی ریاستوں میں مسئلہ بنی ہوئی ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے بھاری برقی بلوں کی اجرائی کے ذریعہ عوام کو مزید مشکلات میں مبتلاء کیا گیا ہے اور تلنگانہ میں کانگریس کے علاوہ کسی اور سیاسی جماعت یا قائدین کی جانب سے حکومت سے یہ مطالبہ نہیں کیا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت برقی بلوں کو معاف کرنے کے اقدامات کرے بلکہ بھاری برقی بلوں کی شکایت پر یہ کہا جارہاہے کہ حکومت کی جانب سے اقساط میں ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے اس سے استفادہ کریں۔ مہاراشٹرا میںمجلسی قائدین کی جانب سے شیوسیناکے زیرقیادت کانگریس اور این سی پی اتحاد کی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے برقی بلوں کی معافی کا مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں بھی عوام کو مہاراشٹرا سے زیادہ سنگین معاشی مسائل کا سامنا ہے اور ریاست تلنگانہ میں مجموعی آبادی 4کروڑ ہے جن کے برقی بلوں کی معافی بہ آسانی یقینی بنائی جاسکتی ہے جبکہ مہاراشٹرا کی آبادی 8کروڑ سے زیادہ ہے۔ ریاست تلنگانہ میں مجلس ریاستی حکومت کی حلیف سیاسی جماعت ہے اور اگر وہ حکومت پر دباؤ ڈالتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے عوام کے مسائل پر بھی ریاست مہاراشٹرا کے عوام کے مسائل کے حل کی کوشش کی طرح سنجیدگی اختیار کرتی ہے تو تلنگانہ میں برقی بلوں کی معافی سے لاکھوں برقی صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔