مہاراشٹرا میں مستحکم حکومت دی جائے گی : چوہان

,

   

کٹر حریف شیوسینا سے ہاتھ ملانے کانگریس این سی پی اتحاد کا واضح اشارہ
نئی دہلی ۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس این سی پی اتحاد نے آج تقریباً ٹھوس اشارہ دیا ہیکہ وہ مہاراشٹرا میں حکومت سازی کیلئے کٹر حریف شیوسینا سے ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہے۔ مہاراشٹرا سابق چیف منسٹر پرتھیوی راج چوہان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ریاست میں بہت جلد ایک مستحکم حکومت تشکیل دی جائے گی۔ یہاں دونوں پارٹیوں کے سینئر قائدین نے ہنگامی اجلاس میں مہاراشٹرا کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کانگریس لیڈر نے امید ظاہر کی کہ اب مہاراشٹرا سیاسی غیریقینی بہت جلد ختم ہوجائے گی۔ این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے شیوسینا کے ساتھ اتحاد کرنے کی ضرورت کے بارے میں مبہم بیان دیا ہے۔ انہیں زور دیکر کہا کہ تین پارٹیوں قریب آئے بغیر حکومت سازی ممکن نہیں ہوسکتی۔ کانگریس این سی پی اتحاد کی جانب سے کیا گیا یہ نہایت ہی اہم بیان ہے کہ وہ حکومت سازی کیلئے شیوسینا کا ساتھ دیں گے۔ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این سی پی صدر شردپوار کی رہائش گاہ پر دونوں قائدین نے کہا کہ مہاراشٹرا میں صدر راج کے نفاذ سے نظم و نسق ٹھپ ہوگیا ہے۔ دونوں پارٹیاں بہت جلد اس تعطل کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائدین احمد پٹیل اور ملک ارجن کھرگے بھی شردپوار کی رہائش گاہ پر منعقدہ 4 گھنٹے طویل اجلاس میں شریک تھے۔ پرتھیوراج چوہان نے مزید کہا کہ اس اتحاد کے بارے میں بعض امور پر بات چیت کرنا باقی ہے۔