مہاراشٹرا میں معاشی پیاکیج کا جلد اعلان : پوار

,

   

پونے 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار نے آج کہا کہ ریاستی حکومت جلدی ہی ریاست کو موجودہ معاشی بحران سے باہر نکالنے کیلئے ایک معاشی پیاکیج کا اعلان کریگی ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ریاست معاشی بحران کا شکار ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے تمام معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہوگئی تھیں اور تجارت و ملازمتیں بھی بری طرح سے متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختصرا یہ کہ ریاست کو معاشی بحران کا سامنا ہے اور ہم اس کا کوئی راستہ نکالنا چاہتے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جلدی ہی ایک معاشی پیاکیج کا اعلان کیا جائیگا اور اس سلسلہ میں کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ مرکز نے حال ہی میں ایک امدادی پیاکیج کا اعلان کیا ہے لیکن اس پر اب بھی اختلافات ہیں کہ عوام تک کتنا پیسہ پہونچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا حکومت بھی مرکز سے امداد طلب کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں ایک مکتوب بھی روانہ کیا گیا ہے اور وزیر اعظم کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا ۔ اجیت پوار نے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صنعتی شعبہ میں ملازمتیں اختیار کریں کیونکہ مائیگرنٹ ورکرس کی واپسی کی وجہ سے اس شعبہ میں ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے جس سے نوجوان فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔