مہاراشٹرا میں کانگریس، این سی پی سرگرمیاں تیز ، الیکشن کی تیاری

   

ممبئی ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی سے روکنے کیلئے کانگریس اور این سی پی نے جمعرات سے عوامی رابطہ پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد ریاست میں زیراقتدار حکومت کی حامیوں کو عوام میں اجاگر کرنا ہے۔ این سی پی نے ’’پری ورتن یاترا‘‘ کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کے مطابق پارٹی قائدین کونکن علاقہ کے مختلف حصوں بشمول رائے گڑھ، تھانے اور پال گھر اضلاع کے علاوہ نوی ممبئی کا دورہ کریں گے اور یہ یاترا 14 جنوری تک جاری رہے گی۔ اس یاترا کا آغاز قلعہ رائے گڑھ سے ہوگا اور جمعرات کو وہاں سے دو ریالیوں ایک مہاڈ (رائے گڑھ) اور دوسری گوہاگر (رتناگیری) منعقد کی جائیں گی۔ ان ریالیوں میں این سی پی اور صدر شردپوار کے علاوہ دوسرے سینئر لیڈر اجیت پوار، مہاراشٹرا یونٹ چیف جنیت پاٹل اور جنرل سکریٹری سنیل ٹٹ کرے حصہ لیں گے۔ دوسری جانب کانگریس ریالی میں سابق وزیراعلیٰ اشوک چوان ’جن سنگھرش ریالی‘ کا اہتمام کریں گے جو وردبھا کے کچھ علاقے بشمول ناگپور، بھنڈارا، گونڈیا، چندرپور اور گڈی چیرولی تک یاترا نکالی جائے گی۔ کانگریس پارٹی کے بیان کے مطابق اس یاترا میں سینئر کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان، اسمبلی میں اپوزیشن قائد رادھا کرشنا ویکھے پاٹل اور دوسرے قائدین حصہ لیں گے۔ این سی پی قومی ترجمان نواب ملک نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے عوام بیزار آچکے ہیں اور اب وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔