نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قائدین کی کے سی آر سے ملاقات ، مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے قومی سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر نے 26 مارچ کو مہاراشٹرا میں ایک اور جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس جلسہ عام میں مہاراشٹرا کے کئی قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ بی آر ایس کو ملک بھر میں توسیع دینے کا ایجنڈہ تیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کی پالیسیوں سے کئی قائدین متاثر ہورہے ہیں اور بی آر ایس میں شامل ہونے کیلئے دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ تلنگانہ کی ترقی ، فلاحی اسکیمات ملک کیلئے رول ماڈل میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ حال ہی میں ناندیڑ مہاراشٹرا میں بی آر ایس کا کامیاب جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا ۔ مہاراشٹرا کے قائدین ایک اور جلسہ عام کا انعقاد کرنے کیلئے چیف منسٹر پر دباؤ ڈال رہے ہیں جس سے اتفاق کرتے ہوئے کے سی آر نے 26 مارچ کو مہاراشٹرا کے کندار لوہا میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اس جلسہ عام میں ( این سی پی ) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کئی قائدین اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کر بی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے ۔ مہاراشٹرا این سی پی کے کئی قائدین بشمول سابق ارکان اسمبلی نے پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی ہے ۔ مہاراشٹرا اور ملک کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ بی آر ایس پارٹی کے ایجنڈے اور پالیسیوں کی ستائش کی ہے ۔ مہاراشٹرا میں بی آر ایس پارٹی کے استحکام کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ 26 مارچ کو کندار لوہا میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کا یقین دلایا ۔۔ ن