مہاراشٹرا میں 9 سالہ لڑکی کی شادی روک دی گئی

   

اورنگ آباد ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک خاتون اور دیگر پانچ افراد کو ایک 9 سالہ لڑکی کی شادی 20 سالہ مرد کے ساتھ 30 ہزار روپئے کے بدلے مہاراشٹرا کے ضلع اورنگ آباد میں منعقد کرنے سے روک دیا گیا۔ پولیس کے بموجب یہ واقعہ منجلے گاؤں میں پیش آیا۔ ایک عہدیدار کے بموجب آشامتی گولپ نے اپنی نابالغ دختر کی شادی سنتوش یادو ولد ارملا یادو کے ساتھ 30 ہزار روپئے کے بدلے طئے کی تھی اور اتوار کے دن شادی مقرر تھی۔ پولیس نے پھولے نگر علاقہ میں دھاوا کیا جہاں شادی خانہ موجود تھا جس کی اطلاع انہیں مقامی افراد نے دی تھی اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمین کی شناخت ارملا جنکر یادو آشامتی دلپ گولپ، سنتوش بریکراف یادو، مندا بائی، رامیشور شنڈے، عظیم الدین، علی شیخ اور ظفراسمعیل سید کی حیثیت سے کی گئی۔