مہاراشٹرا پیپر لیک :سسٹم کی سزا امیدواروں کو نہیں ملنی چاہئے : راہول

   

نئی دہلی، 14 جولائی (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی نے مہاراشٹرا ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹسٹ (ٹیٹ) کا پیپر لیک ہونے اور امتحان منسوخ کیے جانے پر ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا ہے ۔انہوں نے چہارشنبہ کو کہا کہ امتحان منسوخ ہونے کے دو ہفتے بعد بھی امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ، جس سے تقریباً چھ لاکھ امیدوار غیر یقینی کی صورتحال میں ہیں۔ پیپر لیک کرنے والے کھلے عام گھوم رہے ہیں، جبکہ ایمانداری سے محنت کرنے والے امیدوار اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی نوجوان ہیں جنہوں نے برسوں تک تیاری کی، درخواست کی فیس بھری، دور دراز کے امتحانی مراکز تک پہنچے اور اب بغیر کسی واضح معلومات کے صرف انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے تین فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ پہلی، مہاراشٹرا ٹیٹ کے امتحان کی نئی تاریخ کا فوراً اعلان کیا جائے ۔ دوسری، پیپر لیک کیلئے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ہو، نہ کہ امیدواروں کو پریشان کیا جائے ۔ تیسری، پیپر لیک کی وجہ سے جن امیدواروں کا ایک سال متاثر ہوا ہے ، انہیں عمر کی حد میں رعایت دی جائے ۔راہول نے کہا کہ غلطی ادارے کی اور سزا امیدوار کو، یہ انصاف نہیں ہے ۔