مہاراشٹرا کے اورنگ آباد میں اتم کمار ریڈی کی انتخابی مہم

   

کانگریس کارکنوں کا اجلاس ا ور مقامی عوام سے ملاقات، انڈیا الائنس کی کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔11۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے اورنگ آباد ایسٹ اسمبلی حلقہ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سینئر آبزرور کی حیثیت سے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ کانگریس نے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے اتم کمار ریڈی کو اورنگ آباد اور اطراف کے اسمبلی حلقہ جات کی ذمہ داری دی ہے ۔ مقامی کانگریس قائد این ہنمنت راؤ شیوالے کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے مقامی کانگریس قائدین کے اجلاس میں شرکت کی اور انتخابی حکمت عملی پر بات چیت کی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مہاراشٹرا کے انچارج رمیش چینیتالہ نے مہاراشٹرا کی انتخابی مہم میں مصروف سینئر قائدین کے ساتھ زوم پر وار روم میٹنگ کا اہتمام کیا ۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو انتخابی مہم کی حکمت عملی سے واقف کرایا۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین اتم کمار ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ سریش شیٹکر ، ڈاکٹر ملو روی اور رام موہن ریڈی نے وار روم میٹنگ میں حصہ لیا ۔ رمیش چینیتالہ نے بوتھ سطح کی ٹیموں کو متحرک کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو گھر گھر پہنچ کر حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرانا چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کارکنوں سے خطاب کیا اور کہا کہ مہاراشٹرا میں کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کی اقتدار میں واپسی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ پیدا کرنے کی سازش رچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یکناتھ شنڈے حکومت کی کارکردگی سے عوام مایوس ہیں اور انہوں نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 1