ممبئی: مہاراشٹرا کے ستارا ضلع کے پوسیساولی گاؤں میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شدت پسندوں نے اقلیتوں کی عبادت گاہ اور ان کے مکانات پر حملہ کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق علاقہ میں پھوٹ پڑے پرتشدد واقعات میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق فسادیوں نے گاؤں میں دکانوں اور گھروں کو آگ لگا دی، جبکہ تقریباً 700 شرپسندوں پر مشتمل ایک ہجوم نے مسجد پر حملہ کردیا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کولہاپور رینج کے اسپیشل آئی جی سنیل پھولاری نے کہا کہ تشدد کے سلسلے میں اب تک 23 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فساد سے متعلق مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تشدد کے مشتبہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔