مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل میں نیا انکولوجی بلاک تعمیر

   

5 منزلہ جدید عمارت کی تعمیر پر 80 کروڑ روپئے کے مصارف ، عنقریب چیف منسٹر افتتاح کریں گے
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے احاطہ میں 5 منزلہ نو تعمیر شدہ انکولوجی بلاک افتتاح کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ عہدیدار ہفتہ 10 دن میں اس جدید ترین بلاک کا چیف منسٹر کے سی آر کے ذریعہ افتتاح کرانے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ اس بلاک کو سی ایس آر فنڈ کے تحت 80 کروڑ کے مصارف سے انتہائی جدید طریقہ سے بنایا گیا ہے ۔ اس بلاک کے افتتاح کے بعد کینسر ہاسپٹل میں مزید 300 بیڈس دستیاب ہوں گے ۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے اس نئے بلاک کی تعمیر کا معائنہ کیا اور افتتاح کے تیاریوں کا جائزہ بھی لیا ہے ۔ مہدی نواز جنگ ہاسپٹل کی ڈائرکٹر ڈاکٹر جے للیتا نے بتایا کہ مزید 300 بیڈس دستیاب ہوجانے کے بعد ہاسپٹل میں بیڈس کی جمعہ تعداد میں اضافہ ہو کر 750 ہوجائے گی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل کینسر ہاسپٹل میں صرف 250 بیڈس تھے دن بہ دن کینسر کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر تلنگانہ حکومت نے مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کی توسیع کے لیے 3.5 ایکڑ اراضی مختص کی ہے جس پر نیا بلاک تعمیر کیا گیا ہے ۔ کینسر ہاسپٹل میں یومیہ 500 تا 1000 افراد کو آوٹ پیشنٹ کی خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی روزانہ 600 ان پیشنٹ مریضوں کا ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے ۔ چھوٹے بچوں ، خواتین اور مردوں کیلئے ایک ہی بلاک ہونے پر قدیم عمارت میں مشکلات پیش آرہی تھی ۔ نئے بلاک کی تعمیر سے بڑے پیمانے پر مسائل گھٹ جائیں گے۔۔ ن