نئی دہلی: شکوک اور پولیس کی گرفتاری سے بچنے کے لیے آفتاب امین پونا والا نے انسانی اناٹومی ( انسانی ساخت کے متعلق علوم ) کے بارے میں پڑھا تاکہ جسم کو کاٹنا سیکھا جا سکے اورخون کے داغ صاف کرنے کے بارے میں گوگل پر سرچ کیا، ایک اہلکار نے سنسنی خیز مہرولی قتل کیس کی تحقیقات میں یہ تفصیلات بتائی ہیں۔آفتاب کو ہفتے کے روز اس کی ساتھی شردھا واکر کو قتل کرنے اور اس کی لاش کے 35 ٹکڑوں میں کاٹ کر 18 دنوں کے دوران مہرولی کے جنگلاتی علاقے کے مختلف مقامات پر پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ شردھا کے گھر والوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی والدہ کو بعض مواقع پر بتایا تھا کہ آفتاب اسے مارتا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ کے اہل خانہ نے آفتاب کے ساتھ اس کے تعلقات کی مخالفت کی جس پر اس نے کہا کہ اس کی عمر 25 سال سے زیادہ ہے اور اسے اپنے فیصلے خود کرنے کا حق ہے۔بعد میں وہ گھر چھوڑ کر آفتاب کے ساتھ رہنے لگی۔