بٹس پلانی انجینئرس کے ہمراہ ٹریفک پولیس کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ٹریفک پولیس کی جانب سے برلا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس (BITS) پلانی ، حیدرآباد کے انجینئرس کے ساتھ بلیک اسپاٹس کی نشاندہی اور اس میں درستگی کرنے کا کام شروع کیا جارہا ہے تاکہ مہلک حادثات کا تدارک ہو ۔ بلیک اسپاٹس کا حادثات کے مقامات کے طور پر اعلان کیا جاتا ہے جہاں 500 میٹر کے فاصلہ کے اندر پانچ سے زیادہ حادثات پیش آئے ہوں ۔ ٹریفک پولیس کے سینئیر عہدیدار دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اس طرح کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ ٹریفک پولیس کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ ’ بلیک اسپاٹس ( حادثات کے خطرہ کے مقامات ) کے مشترکہ معائنہ کے لیے بٹس پلانی کے پروفیسرس ہمارا ساتھ دے رہے ہیں ۔ جہاں کہیں ممکن ہو ، ان کے مشوروں کی اساس پر ، ہم مختلف اقدامات کررہے ہیں تاکہ حادثات کا تدارک ہو ‘ ۔ اس سلسلہ میں اقدامات بشمول سڑکوں کی درستگی ، خاطر خواہ روشنی ، اسپیڈ بریکرس ، پیڈ سٹرئین کراسنگس اور سائینج لگانے کے کام ماہرین کے مشورہ کے مطابق شروع کئے جارہے ہیں ۔ درستگی کے ان اقدامات کے لیے دیگر سرکاری محکمہ جات سے بھی مدد لی جائے گی ۔۔