میئرس اور چیرمین کا 7 مئی کو انتخاب، اعلامیہ کی اجرائی

,

   

چیف منسٹر نے مبصرین کا اعلان کرتے ہوئے بند لفافوں میں امیدواروں کا نام پیش کردیا

حیدرآباد ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے 7 مئی کو میئر و ڈپٹی میئرس کے علاوہ میونسپلٹیز کے چیرمین کے انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 2 کارپوریشن اور 5 میونسپلٹیز کے میئرس اور چیرمین کے انتخابات کے لئے مبصرین کا اعلان کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 2 کارپوریشن ورنگل اور کھمم کے میئرس و ڈپٹی میئرس کے ساتھ 5 میونسپلٹیز اچم پیٹ، جڑچرلہ، کوتور، سدی پیٹ اور نکریکل کے لئے چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے انتخابات 7 مئی کو سرپہر 3 بجے تک کووڈ ۔ 19 کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق انجام دینے کے احکامات جاری کئے۔ میئرس، ڈپٹی میئرس، چیر مین، ڈپٹی چیرمین کی حلف برداری کے بعد میئرس، ڈپٹی میئرس ، چیرمین اور وائس چیرمین کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے میئرس، ڈپٹی میئرس، چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات کے لئے پارٹی مبصرین کا اعلان کردیا ہے۔ یہ انتخابات جمعہ کو منعقد ہونے والے ہیں۔ ورنگل کارپوریشن کے لئے ریاستی وزرا اے اندرا کرن ریڈی اور گنگولہ کملاکر کو مبصرین نامزد کیا گیا ہے۔ کھمم کارپوریشن کے لئے ریاستی وزیر پرشانت ریڈی اور ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری این نریش ریڈی کو مبصر نامزد کیا گیا ہے۔ کوتور میونسپلٹی کے لئے ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو، نکریکل میونسپلٹی کے لئے ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری ٹی رویندر راؤ، سدی پیٹ میونسپلٹی کے لئے کریم نگر کے سابق میئر رویندر سنگھ اور فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین وی پرتاپ ریڈی کو مبصر بنایا گیا ہے۔ اچم پیٹ میونسپلٹی کے لئے ریاستی وزیر سنگی ریڈی نرنجن ریڈی، چڑچرلہ میونسپلٹی کے لئے سیول سپلائز کے صدرنشین ایم سرینواس ریڈی کو مبصرین کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے تمام مبصرین کو جمعرات کی شام تک اپنے اپنے مقامات کو پہنچ جانے کی ہدایت دی ہے۔ بند لفافے میں موجود ناموں کے ساتھ انتخابی عمل کو مکمل کرنے کی انہیں ہدایت دی گئی ہے۔ کارپوریٹری وارڈس ممبرس اور عوامی منتخب نمائندوں کے ساتھ میئرس، ڈپٹی میئرس، چیرمین، وائس چیرمین کے انتخابات کو یقینی بنانے کی چیف منسٹر نے مبصرین کو ہدایت دی ہے۔