یانگون : میانمار میں فوجی حکومت کی فضائی بمباری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 100 ہوگئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کے شمال مغربی علاقے ساگانگ میں منگل کو فوج نے فضائی حملے کیے جس میں سانگ گانگ کے گاؤں بالو کو نشانہ بنایا گیا۔میانمار کی قومی اتحادی حکومت کا کہنا ہیکہ بالو گاؤں کو نشانہ اس وقت بنایا گیا جب شہریوں کی بڑی تعداد علاقے میں نئے ٹاؤن آفس کے افتتاح کے موقع پر موجود تھی۔حکومتی حکام کا کہنا ہیکہ فضائی حملے میں خواتین اور بچے بھی مارے گئے جب کہ مرنے والوں میں بعض حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔قومی اتحادی حکومت نے اس فضائی حملے کو جنگی جرم اور گھناؤنا فعل قرار دیا ہے۔دوسری جانب میانمار کے عسکری حکام نے اس حملے سے متعلق کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔