میانمار میں فوجی ہیلی کاپٹر پر فائرنگ، 4 ہلاک

   

نیپیداؤ: میانمر میں ملٹری ہیلی کاپٹر پر فائرنگ سے بریگیڈیئر سمیت 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق میانمر میں فوجی ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ سے قبل نشانہ بازوں نے اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا، جب اس میں ایک اعلیٰ افسر بھی سوار تھا۔ حملے کے نتیجے میں بریگیڈیئر سمیت 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ تھائی لینڈ کی سرحد پر مایا وڈی کے قریب میانمر کے ملٹری ہیلی کاپٹر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس میں بریگیڈیئر جنرل آئی من نانگ، سیکورٹی افسر اور 2 پائلٹ سوار تھے۔عسکری حکام کی جانب سے چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم یہ بتانا قبل از وقت ہوگا کہ حملے کے پیچھے کون سے عناصر کارفرما تھے یا حملہ کرنے والے کتنے تھے۔ تاحال کسی گروپ کی جانب سے اس کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی ہے۔