جئے پور ایئرپورٹ پر 1600 مسافر پھنس گئے!
جئے پور :جئے پور ایئرپورٹ پر چہارشنبہ کی شب ایک حیران کرنے والا معاملہ پیش آیا۔ دراصل ایک ہی دن میں 10 فلائٹس کے پائلٹ نے طیارہ کو چھوڑ دیا اور پرواز سے صاف انکار کر دیا۔ اس کی وجہ شہری ہوابازی کے ’ایف ڈی ٹی ایل‘ اصول بتائی جا رہے ہیں۔ دراصل ایف ڈی ٹی ایل اصول کے مطابق ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے کے بعد پائلٹ کی ڈیوٹی ختم ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن کے تحت پائلٹس نے مزید ڈیوٹی نہ کرنے کا فیصلہ لیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 10 فلائٹس میں سے 8 فلائٹس جئے پور ایئرپورٹ پر کھڑے رہے۔ دو فلائٹس کو کسی طرح منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوٹی کے لیے مختص گھنٹہ مکمل ہونے کے بعد پائلٹس نے طیارہ نہ چلانے کا فیصلہ کیا۔ اس وجہ سے جئے پور ایئرپورٹ پر 10 طیارے ایک ساتھ کھڑے ہو گئے۔ یہ سبھی فلائٹس چہارشنبہ کی شب شدید کہرے کے سبب جئے پور ڈائیورٹ ہوئی تھیں۔ ان میں انڈیگو کی 2، ایئر انڈیا کی 5، وِستارا کی 1 اور الائنس ایئر کی 2 فلائٹس میں ایف ڈی ٹی ایل ہوا جس سے 1600 مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ان حالات میں سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا مسافروں کو کرنا پڑا جنہیں اپنی منزل پر پہنچنے کیلئے کافی وقت ضائع کرنا پڑا۔