میری کوم پہلی بگ باوٹ لیگ میں شامل

   

نئی دہلی ۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی چمپئن اور اولمپک میڈلسٹ خاتون باکسر ایم سی میری کوم نے یہاں پہلی بگ باوٹ لیگ کے ڈرافٹ عمل کے لئے دستخط کئے ہیں اور وہ اس لیگ کے ڈرافٹ عمل میں توجہ کا مرکز ہوں گی۔میری کام دنیا کی سب سے زیادہ رقم کی اس باکسنگ لیگ کے لئے دستخط کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں۔اس کے علاوہ تین راونڈ کے مقابلے کے ہر راونڈ میں اسکور دکھانے سمیت کئی اہم معاملوں پر ہندوستانی باکسنگ اسوسی ایشن اور بگ باوٹ لیگ کے منتظمین کی ایک مشترکہ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں لیگ کے لئے کھلاڑیوں کے حصہ لینے، ٹیم ایونٹ، شرائط اور ڈرافٹ عمل وغیرہ کے معاملات پر بھی کئی فیصلے کئے گئے۔اس اجلاس میں بگ باوٹ لیگ کی تکنیکی کمیٹی کے صدر ہیمنت للتا سمیت چھ عہدیدار اور ان کے کمرشیل پارٹنر ایمرجنگ اسپورٹس اینڈ میڈیا ٹکنالوجز (ای ایس ایم) نے شرکت کی۔ یہ لیگ دو دسمبر سے چھ ٹیموں کے درمیان راونڈ رابن بنیاد پر منعقد کی جائے گی۔ اجلاس میں باکسنگ کے تجربات، تکنیکی پہلووں اور ڈوپنگ کو روکنے جیسے معاملات پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ہیمنت للتا کے علاوہ سنچیت، سریندر شانڈل، راجن شرما، آر راجندرن اور پریتی باریا نے شرکت کی۔ بگ باوٹ لیگ ہندوستانی باکسنگ اسوسی ایشن کی نگرانی میں ہونے والی پہلی لیگ ہے۔ اس کا نشر 60 سے زائدممالک میں کیا جائے گا۔