میسی نے سابق کھلاڑی زیوی کی کامیابیوں کا ریکارڈ برابر کردیا

   

بارسلونا۔17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹیناکے فٹبالر لیونل میسی اپنے ہسپانوی کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے اب تک 85 ٹیموں کا مقابلہ کر چکے ہیں لیکن ان میں سے صرف ایک ٹیم ایسی ہے جسے میسی شکست دینے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ بارسلونا کے ساتھ اپن15سالہ کیریئر کے دوران میسی نے 476 فتوحات سمیٹی ہیں۔ انہوں نے کلب کے سابق کھلاڑی زیوی کی کامیابیوں کا ریکارڈ بھی برابرکیا ہے۔ 16سال کی عمر میں بارسلونا کی سینیئر ٹیم کا حصہ بننے والے میسی اب تک پورا کیریئر اسی کلب کے ساتھ گزارا ہے اور اس دوران انہوں نے 85 حریف ٹیموں کاسامنا کیا اور ان میں سے84کے خلاف فاتح رہے تاہم صرف ایک کلب گرامینٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ میسی کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے۔ 2004-5 کے ہسپانوی سیزن میںکوپا ڈیل رے کے میچ میں بارسلونا کو اس وقت بڑی حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا جب گرامینٹ نے اس کے خلاف0-1سے کامیابی حاصل کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے بعد میسی کا دوبارہ اس ٹیم سے سامنا ہی نہیں ہوا اور اس کا ریکارڈ بھی قائم ہے۔ دوسری جانب ہسپانوی کلب سیوائل کو سب سے زیادہ مرتبہ میسی کی جانب سے ہزیمت اٹھانا پڑی اور یہ ہسپانوی کلب میسی کی موجودگی میں بارسلونا سے 28مرتبہ ہار چکا ہے۔چمپیئنز لیگ کے حالیہ میچ میں کامیابی سے میسی نے بارسلونا کے لیجنڈ سابق کھلاڑی زیوی کی کلب فتوحات کاریکارڈ 94 میچوں کے فرق سے برابر کیا۔ زیوی نے بارسلونا کیلئے767میچ کھیل کر476 کامیابیاں حاصل کیں جبکہ میسی نے476 ویں فتح سمیٹی وہ اپنا 673 واں میچ کھیل رہے تھے۔