میسی کا شاندار مظاہرہ، بارسلونا 3-0 گول سے کامیاب

   

میڈریڈ : عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے مقابلہ کے دوسرے مرحلہ میں دو گول اسکور کئے جس کی بدولت بارسلونا حریف ٹیم ایلچی کو 3-0 سے شکست دیتے ہوئے اسپینش لیگ میں پہلا مقام حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ مذکورہ مقابلہ کوروناوائرس کی وبا کی وجہ سے گذشتہ برس ملتوی کردیا گیا تھا لیکن آج جب یہ مقابلہ کھیلا گیا تو دوسرے مرحلہ میں میسی نے دو گول اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ بارسلونا کیلئے تیسرا گول جارڈی البا نے بنایا ہے۔ بارسلونا اس مقابلہ میں دو ناکامیوں کے بعد شرکت کررہی تھی جیسا کہ اسے گھریلو مقابلہ میں پیرس سینٹ جرمن کے خلاف 4-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جبکہ کاڈیز کے خلاف بھی اسے چمپئن لیگ کا مقابلہ 1-1 سے برابر کرنا پڑا تھا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے البا نے کہا کہ اس کامیابی سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں کیونکہ لیگ میں مقابلہ ڈرا کرنے اور چمپئنس لیگ میں شکست کے بعد کسی بھی ٹیم کیلئے واپسی کرنا آسان نہیں ہوتا۔