میسی کی ہیٹ ٹرک،بارسلونا کا پہلا مقام مزید مستحکم

   

سیویلا۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہسپانوی کلب بارسلونا کے سوپر اسٹار لیونل میسی نے اپنے شاندار کھیل سے حریف تماشائیوں کو بھی اپنے حق میں نعرے لگانے پر مجبور کردیا۔ لا لیگا میچ کے دوران حریف ٹیم رئیل بیٹس کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ پرہیٹ ٹرک کرتے ہوئے بارسلونا کو1-4 سے فتح دلا دی۔ اس کامیابی سے بارسلونا لیگ ٹیبل پر اپنے پہلے مقام کو مزید مستحکم کرنے میں کامیاب رہی۔ٹیم کو شکست کی جانب جاتے دیکھنے کے باوجود رئیل بیٹس کا اسٹیڈیم اس کے حامی تماشائیوں کی جانب سے’’میسی میسی‘‘کے نعروں سے گونجتا رہا۔میسی نے پہلا گول فری کک پر کیا جو اب ان کیلئے پنالٹی کک کی طرح تقریباً یقینی گول کا ذریعہ بن چکی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے سواریز کے پاس پر دوسرا گول کیا اور پھرایک فیلڈ گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک اور ٹیم کی کامیابی پر مہر ثبت کردی۔ اس دوران لوئس سواریز بھی ایک گول کر چکے تھے۔ عمدہ ڈربلنگ سے انہوں نے 3حریف کھلاڑیوں کو اس طرح چکمہ دیا کہ وہ زمیںبوس ہو گئے۔ لیگ ٹیبل پر بارسلونا پہلے مقام کے ساتھ قریبی حریف ایٹلیٹکو میڈرڈ سے10نشانات آگے پہنچ چکی ہے۔دوسری جانب انگلش کلب لیور پول نے فلہم کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر انگلش پریمیئر لیگ میں پہلا مقام حاصل کرلی۔کھیل کے 74ویں منٹ میں فلہم نے میچ برابر کر لیا تھا اور محسوس ہو رہا تھا کہ لیور پول پھر برابرکھیل کر2 قیمتی نشانات سے محروم ہو جائے گی لیکن میچ کے اختتام سے چند منٹ پہلے جیمزملنر نے پنالٹی کک پر گول کرکے میچ فیصلہ کن بنا دیا۔ اس گول نے لیور پول کو3 نشانات دلا دیئے اور مانچسٹر سٹی نشانات کے جدول پر اب اس سے پیچھے ہو گئی ہے۔
رونالڈو نے دواخانہ کھول لیا
میڈرڈ ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس کے فارورڈ اور پرتگالی اسٹارکرسٹیانو رونالڈو نے اسپین میں ہیئر ٹلانس پلانٹ کلینک کھول لیا ہے۔ انسپاریا گروپ کے تحت ہیئر ٹلانس پلانٹ کلینک میں رونالڈو 50 فیصد حصص کے مالک ہیں۔کلینک کی افتتاحی تقریب میں کرسٹیانو رونالڈو نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا گنج پن یورپ سمیت دنیا بھر میں بڑا مسئلہ ہے، ہم ایسے افراد کی شخصیت کو بہتر بنانے میں مدد کرنا چاہتے ہیں لہٰذا آپ بلا جھجک ہمارے پاس آسکتے ہیں۔ رونالڈوکے بموجب ہر کوئی اپنی شخصیت کا خیال رکھنا چاہتا ہے اور میں اس کی واضح مثال ہوں، اسی لئے جب مجھے اس پروجیکٹ کے بارے میں بتایا گیا تو میں فوری طور پر سمجھ گیا کہ یہ کچھ منفرد ہے۔ فٹ بال اسٹارنے کہا یہ منصوبہ کامیاب ہوگا ۔