حیدرآباد 25 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ریاست کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اُنھوں نے اپنے پیام میں کہاکہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کی ولادت باسعادت کی خوشی میں جشن میلاد کا اہتمام کیا جاتا ہے اور یہ مقدس دن مسلمانوں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم امن، محبت، بھائی چارہ، رحم دلی، انسانیت اور نیک اور صالح زندگی گزارنے کا جو پیام دیا ہے وہ ہمیشہ معاشرہ کے لئے مشعل راہ رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات عالمی امن، باہمی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ کی عوامی حکومت مسلم اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے کام کررہی ہے۔ اُنھوں نے یقین دلایا کہ مسلمانوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے ذریعہ بہتر مواقع فراہم کرنے اور ہمہ جہتی خوشحالی کے لئے حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر نے دُعا کی کہ میلادالنبی ﷺ کا یہ بابرکت موقع ہر فرد کی زندگی میں امن، خوشحالی، بھائی چارہ اور محبت کا باعث بنے۔V/1