میناکشی نٹراجن کی ایم ایل سی الیکشن پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مشاورت

,

   

امیدواروں کیلئے رہنمایانہ خطوط، سی پی آئی کو نشست کے مسئلہ پر تبادلہ خیال، عنقریب دہلی روانگی

حیدرآباد۔/5 مارچ،( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ایم ایل اے کوٹہ کی 5 ایم ایل سی نشستوں پر پارٹی امیدواروں کے انتخاب پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس پارٹی کو 4 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوسکتی ہے جبکہ بی آر ایس کو ایک نشست حاصل ہونے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کانگریس امیدواروں کے مسئلہ پر ہائی کمان سے مشاورت کیلئے نئی دہلی میں دو دن قیام کرچکے ہیں لیکن انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کی حیدرآباد آمد کے پیش نظر مشاورت ممکن نہ ہوسکی۔ میناکشی نٹراجن لوک سبھا حلقہ جات کی سطح پر پارٹی کے جائزہ اجلاسوں میں مصروف ہیں۔ میناکشی نٹراجن نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کے انتخاب پر بات چیت کی گئی۔ میناکشی نٹراجن نے امیدواروں کے معاملہ میں ہائی کمان کے موقف سے واقف کرایا جس کے تحت سماجی انصاف کو ترجیح دی جاسکتی ہے۔4 امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط طئے کرنے سے اتفاق کیا گیا تاکہ نہ صرف تمام طبقات کو نمائندگی ملے بلکہ حقیقی اور مستحق کارکن نظرانداز نہ ہونے پائیں۔ پارٹی میں ایم ایل سی ٹکٹ کیلئے دعویداروں کی کثیر تعداد ہے اور ان میں سے بیشتر نئی دہلی پہنچ کر اے آئی سی سی قائدین سے رجوع ہوچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میناکشی نٹراجن نے تجویز پیش کی کہ پردیش کانگریس کمیٹی اور چیف منسٹر کی جانب سے امکانی امیدواروں کی فہرست تیار کی جائے جسے وہ ہائی کمان کے حوالے کریں گی۔ میناکشی نٹراجن نے حلیف پارٹی سی پی آئی کی جانب سے ایک نشست کے مطالبہ پر بھی چیف منسٹر کی رائے حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی قائدین 4 نشستوں کے چناؤ میں فی الوقت سی پی آئی کو ایک نشست الاٹ کرنے کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ حکومت کی تشکیل کے دیڑھ سال بعد پہلی مرتبہ چار ایم ایل سی نشستوں پر کانگریس کی کامیابی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 10 برس تک بی آر ایس دور حکومت میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کو نامزد عہدوں کے مواقع حاصل نہیں ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اور میناکشی نٹراجن نے آئندہ دو دنوں میں نئی دہلی روانگی سے اتفاق کیا ہے تاکہ 8 یا 9 مارچ تک امیدواروں کے ناموں کی ہائی کمان سے منظوری حاصل کرلی جائے۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 10 مارچ ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے علاوہ صدر پردیش کانگریس ، ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر آبپاشی آئندہ دو دن میں دوبارہ نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ سابق انچارج دیپا داس منشی اور موجودہ انچارج میناکشی نٹراجن کے اندازِ کارکردگی میں کافی فرق ہے اور پارٹی کے سینئر قائدین خود بھی میناکشی نٹراجن کے اندازِ کارکردگی کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔1