میناکشی نٹراجن کی نامزدگی منسوخ ہونے کیخلاف کانگریس کا احتجاج

   

نئی دہلی، 12 جون (یو این آئی) کانگریس نے مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا امیدوار محترمہ میناکشی نٹراجن کی نامزدگی منسوخ کیے جانے کو جمہوری نظام پر دھبہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف جمعہ کو یہاں احتجاج کیا اور الزام لگایا ہے کہ یہ کارروائی بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے کی گئی ہے ۔کانگریس کی سینئر رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ میناکشی نٹراجن، مدھیہ پردیش کے انچارج ہریش چودھری، ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری اور اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر امنگ سنگھار کے ساتھ ہی کئی اہم رہنماؤں نے یہاں احتجاج کیا۔ دہلی پولیس مظاہرین کو بسوں میں بھر بھر کر لے گئی اور انہیں حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے جانے سے پہلے نٹراجن نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہی ہوں کہ الیکشن کمیشن کمپرومائزڈ (جانبدار) ہے ۔ یہ بات آج پھر سے ثابت ہو گئی۔ یہ معاملہ مدھیہ پردیش حکومت سے جڑا نہیں تھا، پھر بھی سماعت میں ریاستی حکومت کی طرف سے وکیل کھڑے دکھائی دیے ۔
ہم ریاستوں کے خلاف لڑائی نہیں لڑ رہے ہیں، بلکہ الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر کے کمپرومائزڈ ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ اب وہ عوام کے سامنے ایکسپوز (بے نقاب) ہو چکے ہیں۔