میڈارم جاترا کیلئے 9000 سے زائد پولیس ملازمین کی تعیناتی

   

16 فروری سے آغاز، چیف سکریٹری سومیش کمار کی عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد11 فروری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے میڈارم جاترا کے موثر انتظامات کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری کو جائزہ اجلاس کی ہدایت دی تھی۔ محکمہ جات ، پولیس ، ریونیو ، قبائلی بہبود ، انڈومنٹ ، صحت ، بلدی نظم و نسق ، پنچایت راج ، رورل واٹر سپلائی ، برقی ، عمارات و شوارع ، آبپاشی و دیگر کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ سومیش کمار نے کہا کہ میڈارم جاترا ملک میں قبائلی طبقہ کی بڑی جاترا ہے جو 16 تا 19 فروری منعقد ہوگی۔ جاترا میں تقریباً ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جو ملک کے مختلف علاقوں سے میڈارم پہنچتے ہیں۔ چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر ، برقی اور پانی کی موثر سربراہی کے علاوہ یاتریوں کی صحت کیلئے خصوصی میڈیکل ٹیمیں تعینات کی جائے ۔ انہوں نے میڈارم ٹرسٹ بورڈ ارکان کے ساتھ مشاورت کرکے انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے 3850 خصوصی بسیں چلائی جائیں گی جس کے ذریعہ 21 لاکھ مسافرین کو سہولت ہوگی۔ میڈارم کے سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 35 خصوصی ہیلت کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے جاترا کے آغاز تک انتظامات کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر اور ٹریفک کے لئے موثر انتظامات کئے جائیں۔ 9000 سے زائد پولیس ملازمین کو تعینات کیا جائے گا۔ ٹیلی کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری آدرسینا ، رجت کمار ، اروند کمار ، وکاس راج ، جیش رنجن ، مرتضیٰ علی رضوی ، سرینواس راجو اور دوسروں نے شرکت کی۔ر