100 روپئے کے نقلی کرنسی نوٹ بھی پائے گئے
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری(سیاست نیوز) میڈارم کی جاترا کے اختتام کے بعد جاترا میں عوام کی جانب سے دیئے گئے عطیات کی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے۔ قبائلی طبقات کی اس جاترا میں لاکھوں کی تعداد میں یاتریوں نے شرکت کی اور تقریباً 518 ہنڈی عطیات کیلئے رکھی گئی تھی۔ یاترا کے اختتام کو دو دن مکمل ہوگئے اور حکام نے سخت سیکوریٹی میں ہنڈیوں کو محفوظ کردیا ہے ۔ ہنڈیوں کی حفاظت کیلئے نہ صرف پولیس کو تعینات کیا گیا بلکہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے۔ حکام کی سخت نگرانی میں آج عطیات کی رقم کی گنتی کا آغاز ہوا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گنتی کی تکمیل کیلئے 10 دن درکار ہوں گے۔ ہر دن جمع ہونے والی رقم اسی دن بینک میں ڈپازٹ کردی جائے گی ۔ گزشتہ برسوں کے مقابلہ اس مرتبہ زائد عطیات کی امید ہے۔ پہلے دی ہنڈی میں 100 روپئے کے نقلی کرنسی نوٹ بھی پائے گئے۔ کرنسی نوٹ پر مہاتما گاندھی کی تصویر کے بجائے ڈاکٹر بی آر ایس امبیڈکر کی تصویر کے ساتھ ہنڈی میں نقلی نوٹ ڈالے گئے تھے۔ حکام کو نقلی نوٹوں کے ساتھ مکتوب وصول ہوئے جس میں کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹ پر ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر شامل کی جائے ۔ 1