پیرس : بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی بمباری کے بعد لبنانی صدر جوزف عون سے ملاقات فرانسیسی صدر عمانویل میکرون نے لبنان کی خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے لبنانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ کانفرنس کے دوران انہوں نے زور دے کر کہا کہ بیروت پر اسرائیلی حملے ناقابل قبول ہیں اور یہ جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی ہے جو گزشتہ نومبر میں نافذ ہوا تھا۔ انہوں نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے مطالبے کے ساتھ تمام فریقوں پر لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کے احترام پر زور دیا۔ فرانسیسی صدر نے اسرائیلی فوج سے جنوبی لبنان سے ان پانچ اہم چوکیوں سے انخلا کا مطالبہ کیا جہاں وہ جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعینات ہے۔ صدر میکروں نے وضاحت کی کہ ان کا ملک جنگ بندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔فرانسیسی صدر نے حزب اللہ کے تخفیف اسلحہ کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ اسرائیلی حملوں کا الٹا اثر ہوگا اور اس سے جنوب میں حزب اللہ کے اقدامات کو جواز ملے گا۔