ماسکو ۔ میک ڈونالڈز روس میں اپنا کاروبار بند کررہا ہے۔شکاگو کے برگر جائنٹ نے منگل کو تصدیق کی ہے کہ وہ روس میں اپنے 850 ریسٹورینٹس فروخت کررہا ہے اور وہ ایسے خریدار کو تلاش کررہا ہے جو اس کے 62 ہزار ملازمین کو ملازمت پر برقرار رکھے اور کہا ہے کہ فروخت کے معاہدے تک ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھے گا۔ میک ڈونالڈ زکے صدر اور سی ای او کرس کیمپجنسکی نے ملازمین کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ کچھ لوگ یہ بحث کرسکتے ہیں کہ خوراک تک رسائی فراہم کرنا اور لاکھوں عام شہریوں کی خدمت جاری رکھنا صحیح ہے لیکن یوکرین میں جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کو بھی نظر انداز کرنا ممکن نہیں ہے۔ میک ڈونالڈ ز نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ کمپنی کسی بڑی مارکیٹ سے باہر نکل رہی ہے۔ان کا ارادہ ہے کہ کمپنی اپنے نام کی سنہری محرابیں اور دیگر علامات اور نشانات کو ہٹانا شروع کردے گی۔ تاہم وہ اپنا ٹریڈ مارک روس میں برقرار رکھیں گے۔ میک ڈونالڈز نے مارچ کے اوائل میں کہا تھا کہ وہ روس میں اپنے اسٹورز کو عارضی طور پر بند کررہا ہے لیکن اپنے ملازمین کو ادائیگی جاری رکھے گا۔