میگھالیہ میں تین مسلم نوجوانوں کو زندہ جلاکر قتل کرنے کا واقعہ

   

شیلانگ : میگھالیہ میں ایک کار کے ذریعہ جارہے تین مسلم مزدوروں کوزندہ جلادیا گیا ۔ گزشتہ 17اپریل کو میگھالیہ میں آسام سے تعلق رکھنے والے تین مسلم نوجوانوں کو نامعلوم شرپسندوں نے مبینہ طور پر زندہ جلاکر ہلاک کردیا ۔ آسام سے تعلق رکھنے والے مسلم مزدوروں کی جلی ہوئی نعشیں پڑوسی ریاست میگھالیہ کے مشرقی گارو ہلز ضلع کے ایک جنگل میں دفن پائی گئیں ۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی آسام کے گولپارہ ضلع سے میگھالیہ جانے کیلئے استعمال کی گئی کار بھی اسی علاقہ رونگمل میں جلی ہوئی پائی گئی ۔پوسٹ مارٹم کے بعد نعشوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ۔ مرنے والوں کی شناخت زاہد الاسلام (25) ، جمور علی (35) اور ڈرائیور احمد کے طور پر کی گئی ہے ۔ پولیس ننے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں ۔ پولیس کے مطابق متوفی میں دو پولیس کو مطلوب تھے ۔ ایک کار چوری کے کیس میں ملوث تھا جبکہ دوسرے کے خلاف مویشی چوری کے مقدمات زیر التواء تھے ۔