’میگھا انجینئرنگ‘ کیخلاف سی بی آئی کا مقدمہ

   

کمپنی نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعہ 1200 کروڑکا چندہ دیا تھا
نئی دہلی :الیکٹورل بانڈ منصوبہ کے تحت سب سے زیادہ عطیہ دینے والوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر رہی میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزام عائد کیے گئے ہیں۔ سی بی آئی کی طرف سے ان عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس کمپنی کی طرف سے سیاسی پارٹیوں کو الیکٹورل بانڈ کے ذریعہ تقریباً 1200 کروڑ روپے کا چندہ دیا گیا تھا حالانکہ جو معاملہ درج کیا گیا ہے وہ الیکٹورل بانڈ سے جڑا ہوا نہیں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق این آئی ایس پی کے لیے 315 کروڑ روپے کے پراجکٹ کے عمل درآمد میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر سی بی آئی نے ہفتہ کے روز یہ کارروائی کی ہے۔ سی بی آئی نے آئرن منسٹری کے این ایم ڈی سی آئرین اینڈ اسٹیل پلانٹ کے آٹھ افسران سمیت میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے خلاف یہ معاملہ درج کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں الیکٹورل بانڈ سے متعلق ڈاٹا سامنے آنے کے بعد سے میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ سرخیوں میں آئی تھی۔ یہ کمپنی سیاسی پارٹیوں کو چندہ دینے والی ٹاپ-10 فہرست میں دوسرے نمبر کی سب سے بڑی الیکٹورل بانڈ خریدار بن کر سامنے آئی تھی۔

پامیریڈی پچی ریڈی اور پی وی کرشنا ریڈی کی کمپنی ایم ای آئی ایل نے 966 کروڑ روپے کے الیکٹورل بانڈ خریدے تھے۔