’’میں مغربی بنگال کیلئے ’’باہر کا آدمی‘‘ نہیں ہوں ‘‘: امیت شاہ

,

   

ترنمول کانگریس کے غنڈوں کے ان کی کاروں کے قافلے پر حملے کی شکایت

کولکتہ ۔ 15 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ مغربی بنگال کیلئے اجنبی یا ’’باہر کے آدمی ‘‘نہیں ہیں۔ وہ یہاں اپنی جماعت کی انتخابی مہم چلاتے رہے ہیں ۔ شاہ نے کہاکہ انھیں ’’غیرآدمی‘‘ کہنے پر سخت تعجب ہوتا ہے۔ کیونکہ مغربی بنگال ہندوستان کا ایک حصہ ۔ اس طرح ممتا بنرجی کو کیوں ’’غیرمقامی ‘‘ نہ کہا جائے جب وہ نئی دہلی کے دورے کرتی ہیں۔ بی جے پی کے لیڈر امیت شاہ نے یہ باتیں سہ شنبہ کو اس شہر کے دانشوروں کے ایک اجلاس میں کہیں۔ شاہ نے یہ باتیں ان پر ’’غیرمقامی‘‘ ہونے کا بار بار ٹھپہ لگائے جانے کے بعد کہیں۔ ممتا بنرجی نے متعدد بار کہا تھا کہ ایک غیرملکی یہاں آکر عوام میں ’’تفریق پیدا‘‘ کرتا ہے ۔ شاہ نے کہاکہ بی جے پی اگر مغربی بنگال کے انتخابات جیت جاتی ہے تو ایک بنگالی ہی یہاں کاچیف منسٹر بنے گا ۔ نہ تو کیلاش وجئے ورگیا اور نہ ہی میں یہاں کے وزیراعلیٰ بنیں گے ۔وجئے ورگیا کا تعلق مدھیہ پردیش سے ہے اور وہ بی جے پی کے قومی سکریٹری ہیں اور مغربی بنگال میں بھگوا پارٹی کے ذمہ دار ہیں۔ شاہ نے کہاکہ میڈیا کا ایک گوشہ ایسا ہے جو اس طرح کی باتوں کو پیش کررہا ہے گویا سہ شنبہ کو ہم نے یہاں گڑبڑ شروع کی ۔ خبریں تو اس طرح ہونی چاہئے کہ ترنمول کانگریس کے غنڈوں نے ہماری گاڑیوں کے قافلہ پر جلوس کے دوران حملہ کیا ۔ گزشتہ سہ شنبہ کو ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے کارندوں میں کولکتہ کے گلی کوچوں میں سخت لڑائی چھڑ گئی تھی ۔ شاہ کو اپنا انتخابی روڈ شو مختصر کرنا پڑا تھا ۔